نئی دہلی، 6؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک میں بڑھتی مہنگائی سے عوام پریشان ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو لے کر اپوزیشن بھی لگاتار مودی حکومت کو گھیرتی نظر آ رہی ہے۔ کانگریس نے بی جے پی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پارٹی نے انتخابی جیت کو ’لوٹ کا لائسنس‘ بنا لیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا نے مہنگائی کے تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’ایونٹ والی صبح بھی مہنگائی کا ڈینٹ؟ آج پھر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 80 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 16 دنوں میں پٹرول ڈیزل میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔‘‘
غور طلب ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ تیل کمپنیوں نے ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں اب تک 10 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو چکا ہے۔ بدھ کے لیے تیل کمپنیوں نے پٹرول کی قیمت میں 74 سے 84 پیسے تک کا اضافہ کیا ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 75 سے 85 پیسے تک کا اضافہ ہوا ہے۔